اسداویسی کا یوگی آدتیہ ناتھ کے تعلق سے وائرل بیان کی حقیقت؟
اسدالدین اویسی کے یوگی آدتیہ ناتھ کی تیسری بار حکومت کی حمایت کے وائرل دعوے کا فیکٹ چیک۔ اصل ویڈیو میں اویسی نے کیا کہا؟ جانیے اردو ویژن کی تحقیق میں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرکے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یوگی آدتیہ ناتھ اتر پردیش میں تیسری بار حکومت بنائیں۔ ویڈیو میں اسدالدین اویسی کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے، ’’جناب اسدالدین اویسی صاحب کہہ رہے ہیں کہ میں چاہتا ہوں کہ یوپی میں تیسری بار یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت بنے۔ چاہیں گے کیوں نہیں، آخر وہ بی جے پی کی ’بی ٹیم‘ کے وفادار شخص جو ٹھہرے۔
وائرل پوسٹ کا آرکائیو یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔
فیکٹ چیک
وائرل دعوے کی حقیقت جاننے کے لئے ہم نے سب سے پہلے متعلقہ کی ورڈز گوگل پر تلاش کیے۔ اس دوران ہمیں ایسی کوئی معتبر رپورٹ نہیں ملی، جو وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی تصدیق کرتی ہو۔
تاہم تحقیق کے دوران ہمیں خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر 26 اکتوبر 2026 کو شیئر کیا گیا اسدالدین اویسی کی ایک ویڈیو ملی۔ اس میں اویسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے امکانات پر اپنی بات رکھتے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیوکو غور سے سننے پر واضح ہوا کہ وائرل پوسٹ میں ان کے بیان کا ایک ادھورا حصہ استعمال کیا گیا ہے۔ گفتگو کے دوران ایک رپورٹر ان سے سوال کرتا ہے کہ کیا راہل گاندھی اور اکھلیش یادو مبینہ طور پر ان سے خوف زدہ ہیں۔
اس کے بعد چندرشیکھر کا ذکر ہونے پر اویسی کہتے ہیں ’’ہم نہیں چاہتے کہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت تیسری بار بنے۔” ہم نے بہار میں بھی کھلی پیشکش کی تھی، لیکن آپ نے اسے قبول نہیں کیا گیا۔ آج بھی ہم نے پیشکش کی ہے، اب یہ ان کی مرضی ہے۔ لیکن ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ بی جے پی کی حکومت نہ بنے اور ہمارے امیدوار اسمبلی کے رکن بن کر اتر پردیش کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچی‘‘۔
اس بیان سے واضح ہو چکا کہ اویسی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی تیسری بار واپسی کی خواہش ظاہر نہیں کر رہے تھے، بلکہ اس کے برعکس اپنی پارٹی کے سیاسی ارادے بیان کر رہے تھے۔
تحقیق کے دوران ہمیں 26 اکتوبر 2026 کو شائع ہونے والی آج تک اور ریپبلک بھارت کی رپورٹیں بھی ملیں۔ ان رپورٹس کے مطابق بیرسٹر اویسی نے اتر پردیش کے ضلع شاملی کے قصبے کیرانہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پارٹی ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے سے روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ آج تک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے امکانات بھی ظاہر کئے تھے۔ وہیں ریپبلک بھارت کی رپورٹ میں اویسی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ان کی پارٹی یوگی آدتیہ ناتھ کو تیسری بار اتر پردیش کا وزیر اعلیٰ بنتے نہیں دیکھنا چاہتی ہے۔
اس کے علاوہ ہمیں خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے ایکس اکاؤنٹ پر 25 اکتوبر 2026 کو پوسٹ کیا گیا اسدالدین اویسی کا ایک اور ویڈیو ملا۔ اس میں بھی اویسی کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ یوگی آدتیہ ناتھ اتر پردیش میں تیسری بار وزیر اعلیٰ بنیں۔
نتیجہ
اردو ویژن کی تحقیق سے معلوم ہوا وائرل دعویٰ فرضی ہے۔ رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے یوگی آدتیہ ناتھ کے اتر پردیش میں تیسری بار وزیر اعلیٰ بننے کی حمایت نہیں کی تھی، بلکہ اس کے برعکس کہا تھا کہ ان کی پارٹی بی جے پی کی حکومت بننے سے روکنے کی پوری کوشش کرے گی۔






