(فوٹوفری پِک)
آج کی تیز رفتار زندگی میں ذہنی ذباؤ کی شکایت عام ہے ۔ ذہنی دباؤ ہماری کوئی بھی کام انجام دینے کی صلاحیت کو متاثر کرنے کے علاوہ ہماری بھر پور صحت مند زندگی گزارنے کی استعداد بھی کم کرنے کا سبب بنتا ہے۔
آج کی تیز رفتار زندگی میں ذہنی ذباؤ کی شکایت عام ہے ۔ یہ ہماری زندگیوں پر منفی اثر ڈالتا ہے ۔ عموماً لوگ اسے عارضی نفسیاتی خلل تصور کرکے نظرانداز کردیتے ہیں۔ ذہنی دباؤ ہماری کوئی بھی کام انجام دینے کی صلاحیت کو متاثر کرنے کے علاوہ ہماری بھر پور صحت مند زندگی گزارنے کی استعداد بھی کم کرنے کا سبب بنتا ہے۔
اسٹریس یا ذہنی دباؤ کی شکار خواتین قدم قدم پر خود کو بیمار اور بدمزاج محسوس کرتی ہیں ۔ انھیں غصہ بھی جلد آتا ہے ۔ اعصاب شکن روزمرہ معمولات اور ذمہ داریاں اس صورتحال کو مزید پیچیدہ بنادیتی ہیں۔ ایسی صورت میں معمولات پر توجہ دینا اور انھی منضبط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ کچھ ٹپس پر عمل کرتے ہوئے آپ اپنی مصروف زندگی میں خود کو ذہنی دباؤ سے دور رکھ سکتی ہیں۔
منصوبہ بندی اور ڈسپلن
زندگی معمول کے مطابق جیئں ۔ خواہشات کے مطابق نہیں ۔ ترجیحی بنیاد پر کاموں کی فہرست ترتیب دیں۔ یہ فہرست آپ کی زندگی کو منظم کرنے میں مدد گار ہوگی ۔
صبح جلد اٹھیں
صبح جلدی اٹھنے کی عادت ڈالیں ۔ یہ نہ صرف آپ کی صحت کے لیے بہتر ہے بلکہ اس سے منصوبے پر عمل کرنے کے لیے آپ کے پاس ایکسٹرا ٹائم بھی ہوتا ہے۔ خود کو روٹین کا تابع کریں، ساتھ ہی اپنے سونے اور اُٹھنے کا وقت مقرر کریں۔
مثبت سوچ
اپنوں کے بیچ وقت گزاریں ۔ رشتے داروں سے ملیں جلیں۔ سماجی رابطہ رکھیں ۔
سادگی اختیار کریں
پیچیدگیوں میں نہ اُلجھیں بلکہ سادگی کو اپنائیں۔ اسکرین ٹائم (موبائل فون، لیپ ٹاپ ، ٹیبلٹس ، ٹیلی ویژن) کو محدود کریں۔ اہم کاموں کو انجام دیتے وقت اسکرین سے دوری اختیار کریں۔
مشکل حالات کا کریں مقابلہ
جب کبھی آپ خود کو ناموافق حالات میں گھِرا پائیں یا آپ کے کچھ فیصلے آپ کو مشکل حالات میں لاکھڑا کریں تو اپنی غلطیوں کو تسلیم کریں اور ان پر کُڑھنے کے بجائے جواب تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ جب آپ اپنی غلطیوں اور مشکلات کو تسلیم کرتی ہیں تو یہ آپ کے دماغ اور شعور پر مثبت اثر ڈالتی ہیں۔
کام کو مؤخرنہ کریں
آج کا کام کل پر نہ ٹالیں اور نہ دوسروں کے سپرد کریں ۔ اپنا کام خود کریں۔ تھوڑی سی تساہلی ذہنی دباؤ اور زحمت کا سبب ہوسکتی ہے۔
کچھ وقت خود کے لیے نکالیں
دل و دماغ اور جسم کا خیال رکھیں ۔ کام میں مسلسل مصروف رہنا بھی اعصاب شکن ہوتا ہے۔ اس لیے یہ بات اپنے ذہن میں رکھیں کہ آپ کو کام سے فراغت حاصل کرکے اپنے لیے کچھ وقت نکالنا ہے۔ اس طرح آپ پُرسکون رہیں گی اور اچھا محسوس کریں گی۔ غیرضروری توانائی صرف نہ کریں ۔پُرسکون دماغ ہی کسی کام کو یکسوئی سے انجام دے سکتا ہے۔
خوش رہیں
خوش رہنے کی کوشش کریں ۔ دفتر اور امور خانہ داری سے وقت ملے تو تعمیری مشغلے (کتب بینی ، ورزش ) پر توجہ دیں ۔ متوازن غذا کھائیں اور دماغ کو غیر ضروری سوچوں میں مت اُلجھائے رکھیں۔




