جانسن اینڈ جانسن نے ہزاروں کینسر مقدمات نمٹانے کے لیے تاریخی معاہدہ کر لیا

Published On: 28 July, 2026 01:56 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
جانسن اینڈ جانسن نے ہزاروں کینسر مقدمات نمٹانے کے لیے تاریخی معاہدہ کر لیا

(فوٹورائٹرز)

جانسن اینڈ جانسن نے اپنے مشہور بیبی پاؤڈر اور دیگر ٹیلک مصنوعات سے بیضہ دانی کے کینسر ہونے کے الزامات سے متعلق تقریباً 76 ہزار مقدمات نمٹانے کے لیے تاریخی مفاہمتی ڈیل کا اعلان کیا ہے۔ ایک دہائی سے جاری اس قانونی تنازع کے خاتمے کی جانب یہ اہم پیش رفت ہے۔

امریکی دوا سازکمپنی جانسن اینڈ جانسن (Johnson & Johnson)  نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے بیبی پاؤڈر اور دیگر ٹیلک (Talc) مصنوعات کے خلاف دائر ہزاروں مقدمات نمٹانے کے لیے 5.5 ارب ڈالر ادا کرے گی ۔ ان مقدمات میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ کمپنی کی ٹیلک مصنوعات خواتین میں بیضہ دانی کے کینسر(ovarian cancer) کا سبب بنتی ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ معاہدہ تقریباً 76 ہزار دعوؤں کا احاطہ کرتا ہے، جن میں امریکی ریاست نیو جرسی کی وفاقی عدالت اور مختلف ریاستی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات شامل ہیں۔ یہ جانسن اینڈ جانسن کے خلاف باقی رہ جانے والے تقریباً تمام ٹیلک سے متعلق مقدمات کا احاطہ کرتا ہے۔

اس سے قبل کمپنی ان مقدمات کی اکثریت بھی نمٹا چکی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کی ٹیلک مصنوعات میں ایسبیسٹس (Asbestos) موجود تھا، جس کے باعث بعض افراد میںمیسوتھیلیوما(Mesothelioma) نامی سرطان پیدا ہوا۔

مقدمہ دائرکرنے والوں کی نمائندگی کرنے والی متعدد قانونی فرموں نے بھی اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک دہائی سے جاری عدالتی جنگ کا مناسب اور منصفانہ حل قرار دیا ہے۔البتہ یہ معاہدہ اسی صورت حتمی ہوگا جب ریاستی اور وفاقی عدالتوں میں موجود 95 فیصد اووری کینسر کے دعویدار اس کی منظوری دیں گے۔

کمپنی نے ایک بار پھر مسترد کیے الزامات 
جانسن اینڈ جانسن کے نائب صدر برائے قانونی امور ایرک ہاس(J&J's vice president of litigation, Erik Haas) نے کہا کہ کمپنی اب بھی ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد سمجھتی ہے۔

ان کے مطابق اگرچہ کمپنی کو یقین تھا کہ وہ عدالتوں میں بھی کامیاب ہو سکتی ہے، تاہم مسلسل قانونی کارروائی ختم کرنے اور اپنی توجہ جانیں بچانے والی ادویات اور طبی آلات کی تیاری پر مرکوز رکھنے کے لیے تصفیہ کرنا بہتر فیصلہ ہے۔

دو مراحل میں ہوگی ادائیگی 
کمپنی کے مطابق وہ2027 میں 3 ارب ڈالر ادا کرے گی، جبکہ باقی رقم 2028 میں ادا کی جائے گی۔ تاہم معاہدے کی مجموعی مالیت اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ کتنے متاثرین اس تصفیے میں شامل ہوتے ہیں۔

مدعیان کے وکیل کرس سیگر(Chris Seeger) کے مطابق جانسن اینڈ جانسن کی مجموعی ادائیگی 7 ارب ڈالر یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ معاہدے میں کمپنی کی مجموعی ادائیگی کی کوئی حتمی حد مقرر نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاہدے کے تحت اہل متاثرین کو انفرادی بنیادوں پر معاوضہ دیا جائے گا اور توقع ہے کہ تمام ادائیگیاں 18 ماہ کے اندر مکمل ہو جائیں گی۔

عدالتی کامیابیوں کے بعد معاہدہ
یہ معاہدہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جانسن اینڈ جانسن کو حالیہ مہینوں میں متعدد اہم عدالتی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایک وفاقی جج نے اپنے ریمارکس میں اس بات پر سوال اٹھایا تھا کہ آیا انفرادی مدعیان یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ ان کے اووری کینسر کی براہِ راست وجہ ٹیلک مصنوعات تھیں۔کمپنی مسلسل یہ موقف اختیار کرتی آئی ہے کہ اس کی ٹیلک مصنوعات محفوظ تھیں اور ان میں ایسبیسٹس شامل نہیں تھا۔

جانسن اینڈ جانسن نے امریکہ میں 2020 کے دوران ٹیلک پر مبنی بیبی پاؤڈر کی فروخت بند کر دی تھی اور اس کی جگہ کارن اسٹارچ (Cornstarch)پر مشتمل نئی مصنوعات متعارف کرا دی تھیں۔

اس کے بعد کمپنی نے مقدمات نمٹانے کے لیے اپنی ذیلی کمپنی کے ذریعے تین مرتبہ دیوالیہ پن کی درخواستیں دائر کیں، جس حکمت عملی کو قانونی حلقوں میں ٹیکساس ٹو اسٹیپ کہا جاتا ہے، تاہم عدالتوں نے ہر بار یہ کوشش مسترد کر دی۔

مستقبل کے مقدمات معاہدے میں شامل نہیں
نئے معاہدے کا اطلاق صرف پہلے سے دائر مقدمات پر ہوگا، جبکہ مستقبل میں دائر ہونے والے کسی بھی نئے مقدمے کو اس تصفیے کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
قانونی ماہرین کے مطابق اسی وجہ سے موجودہ متاثرین کے لیے زیادہ رقم مختص کی جا سکی ہے اور انہیں ایک دہائی انتظار کرنے کے بجائے تقریباً ڈیڑھ سال کے اندر معاوضہ ملنے کی توقع ہے۔