(تمام فوٹورائٹرز)
امریکی فوج نے ہلاک ہونے والے 18 فوجی اہلکاروں کی شناخت اور تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ جاری کردہ فہرست میں امریکی آرمی، فضائیہ (ایئر فورس) اور بحریہ (نیوی) سے تعلق رکھنے والے افسران اور جوان شامل ہیں۔
پینٹاگون نے ایران کے خلاف جاری جنگ سے متعلق امریکی فوجیوں کے جانی نقصانات کی تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فروری میں جنگ کے آغاز سے اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 زخمی ہو چکے ہیں۔
پینٹاگون نے گشتہ دنوں ( ہفتے کے روز) اپنے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے 140 سے زائد مزید زخمی اہلکاروں کا اندراج کیا۔ اس کے علاوہ حالیہ ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کو بھی دوبارہ سرکاری فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون نے اپنے ریکارڈ میں اوورسیز آپریشنز کے نام سے ایک نئی کیٹیگری بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت 7 جولائی سے بیرون ملک فوجی کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کا الگ ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔
پینٹاگون کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں میں 11 کا تعلق امریکی آرمی، 6 کا امریکی فضائیہ اور ایک کا امریکی بحریہ سے ہے۔
اسی طرح زخمی اہلکاروں میں 461 آرمی، 86 نیوی، 58 ایئر فورس اور 19 میرین کور سے تعلق رکھتے ہیں۔
امریکی میڈیا اور بعض قانون سازوں نے پینٹاگون کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، کیونکہ اس وقت سرکاری ریکارڈ میں ایرانی حملوں کے باوجود ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کم ظاہر کی گئی تھی۔
نئی ’اوورسیز آپریشنز‘ کیٹیگری میں 7 جولائی کے بعد ہونے والے نقصانات شامل کیے گئے ہیں، تاہم اس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ہر واقعہ کس مخصوص فوجی آپریشن یا تنازع سے متعلق ہے۔
رپورٹ میں شامل ناموں کے مطابق ان ہلاکتوں میں اردن میں ایرانی حملے کے دوران مارے جانے والے تین امریکی فوجی اور شمالی عراق میں ایرانی ڈرون کو ناکارہ بنانے کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والا ایک فوجی بھی شامل ہے۔