(فوٹو اے آئی)
اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سمیت ہر طرز کی کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سمیت ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 38 سالہ رہانے کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک اب کھیل کو الوداع کہنے کا یہی مناسب وقت ہے۔
رہانے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرجاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ زندگی میں ہر چیز کا ایک آغاز اور ایک اختتام ہوتا ہے، اور جب وہ وقت آ جائے تو اسے قبول کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بطور بلے باز وہ ہمیشہ درست وقت کی اہمیت پر یقین رکھتے تھے، اسی لیے انہیں محسوس ہوا کہ اب کرکٹ سے رخصت ہونے کا وقت آ گیا ہے۔
اجنکیا رہانے نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی کے علاقے ڈومبیولی سے روزانہ سفر کر کے پریکٹس کرنا ان کے کرکٹ سفر کا آغاز تھا، جہاں سے وہ صرف ایک خواب لے کر نکلے تھے کہ ایک دن ٹیم انڈیا کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے پورے کریئر میں انہوں نے ہمیشہ ملک اور ٹیم کو اپنی ذات پر ترجیح دی اور ہر میچ مکمل دیانت داری اور خلوص کے ساتھ کھیلا۔رہانے کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں میں ہندوستانی کرکٹ نے غیرمعمولی ترقی کی ہے اور انہیں فخر ہے کہ وہ اس سفر کا حصہ رہے۔
شاندار انٹرنیشنل کریئر
اجنکیا رہانے نے 2013 میں ٹیم انڈیاکے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا۔ ان کا آخری انٹرنیشنل میچ 2023 میں ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران تھا، جبکہ آخری مسابقتی میچ 2026 ممبئی ٹی20 لیگ میں شمالی ممبئی پینتھرز کی قیادت کرتے ہوئے کھیلا۔
اپنے انٹرنیشنل کریئر میں اجنکیا رہانے نے 85 ٹیسٹ میچز میں 5077 رن بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 12 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں اسکور کیں۔
90 ایک روزہ میچز میں 2962 رن بنائے، جن میں 3 سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
20 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 375 رن بنائے، جن میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کریں گے؟
اجنکیا رہانے نے واضح کیا کہ اگرچہ بطور بھارتی کرکٹر ان کا سفر ختم ہو گیا ہے، لیکن کرکٹ سے ان کا رشتہ برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ نئی نسل کے کرکٹرز کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں، انہیں کھیل سے حاصل ہونے والی اقدار منتقل کریں گے اور اس کھیل کا قرض اتارنے کی کوشش کریں گے جس نے انہیں بے شمار عزت اور شہرت دی۔
مداحوں، ساتھیوں اور اہل خانہ کا شکریہ
اپنے الوداعی پیغام میں رہانے نے بی سی سی آئی، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن، اپنے تمام کوچز، ساتھی کھلاڑیوں، آئی پی ایل فرنچائزز، اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے نام اجنکیا کا مطلب ناقابلِ شکست ہے، لیکن کرکٹ نے انہیں کئی بار شکست کا سامنا کرنا سکھایا۔ بطور کرکٹرناکامی بھی کھیل کا حصہ ہوتی ہے، انہوں نے بھی غلطیاں کیں اور ان کی ٹیمیں بھی میچ ہاریں، مگر ایک جگہ وہ کبھی شکست نہیں کھائے اور وہ ان کے مداحوں کے دل ہیں۔
رہانے نے اپنے پیغام کے اختتام پر بھارتی ٹیسٹ کیپ نمبر278 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مداحوں کی محبت اور اعتماد کے شکر گزار رہیں گے۔




