(فوٹواے پی)
ایران میں قیادت کی تبدیلی کا خواب دیکھ رہا امریکہ مجتبیٰ خامنہ ای کے رہبراعلیٰ منتخب ہونے سے خوش نہیں ہے ۔ نئے قائد کی رہنمائی میں ایران کے حملوں میں شدت آئی ہے وہیں امریکہ اور اسرائیل بھی ایران پرمسلسل بمباری کررہے ہیں ۔
ایران میں قیادت کی تبدیلی کا خواب دیکھ رہا امریکہ مجتبیٰ خامنہ ای کے رہبراعلیٰ منتخب ہونے سے خوش نہیں ہے ۔ ایران پرجنگ تھوپنے اور پورے خطے کو جنگ میں دھکیلنے کے ذمہ دار اسرائیل اور امریکہ کو فی الحال اس جارحیت کے نتیجے میں وہ مقصد حاصل نہیں سکا ہے جس کی انھیں اُمید تھی ۔
ابتدائی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی موت کے بعد امریکہ اوراسرائیل کو یہ لگا تھا کہ وہ محاذ مارلیں گے اور ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے لیکن ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ۔
ایران میں رہبراعلیٰ کی موت کے بعد افراتفری مچی نہ ہی فوج کی صفوں میں کھلبلی مچی ۔ اس کے برعکس ایران کے شدید جوابی حملوں نے امریکہ اور اسرائیل کو حیران و پریشان کردیا ہے ۔ امریکہ اور اسرائیل کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے دیئے جارہے بیانات سے بوکھلاہٹ کا اندازہ کیا جاسکتاہے۔
ٹرمپ ناخوش
ایران میں رجیم چینج کی امریکہ کی کوششوں کو جھٹکا لگا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ،آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ کو مجلس خبرگان رہبر نے نیا رہبر اعلیٰ منتخب کرلیا ہے۔ ظاہر ہے اس فیصلے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خوش نہیں ہیں۔ انھوں نے تو نئے لیڈر کے انتخاب کے عمل میں بہ نفس نفیس شریک ہونے کی بات کہی تھی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ ایران کے یورینیم کوذخائر کو محفوظ کرنے کے لیے وہ فوج کو بھیجنے کے فیصلہ ابھی نہیں پائے ہیں۔
پُتن نے دی مجتبیٰ کومبارک باد
وہیں روسی صدر ولادیمیر پتن نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا رہبر اعلیٰ بننے پر مبارک باد دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ انھوں نے تہران کے لیے ماسکو کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے مشن کو جاری رکھیں گے اور ایران کے عوام کو اس سخت آزمائش کی گھڑی میں متحد کریں گے۔
توانائی کی بڑھتی قیمتیں اور برطانیہ کی تشویش
اس بیچ برطانیہ کی وزیر خزانہ ریچل ریوز نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی کے نتیجے میں توانائی کی بڑھتی قیمتوں کو روکنے کا واحد بہترین راستہ کشیدگی کو تیزی سے کم کرنا ہے۔
جنگ میں جانی نقصان
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایران پرامریکہ اور اسرائیل حملوں کے نتیجے میں وہاں کم سے کم 1255 افراد جاں بحق جبکہ 12 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں میں جانوں کا ضیاع ہوا ہے ۔ ایران کے حملوں میں امریکی فوج کے 8 اہلکار ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسرائیل میں 13 افراد ہلاک اور دو ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
جنگ کے اثرات ایران اور اسرائیل تک حدود نہیں ہیں اور خطے کے کئی ممالک اس کی زد میں ہیں ۔ اسرائیل کے لبنان میں جاری حملوں کے نتیجے میں اب تک 486 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایران کے حملوں میں تاحال یواے ای میں 4 افرادہلاک اور 112 زخمی ہوئے ہیں جبکہ کویت میں 6 افراد ہلاک اور متعددکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔مزید سعودی عرب میں 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے ہیں جبکہ بحرین میں ایک شخص ہلاک اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔




