اسرائیلی فوج کا علی لاریجانی اور کمانڈرغلام رضا سلیمانی کونشانہ بنانے کا دعویٰ

Published On: 17 March, 2026 07:50 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
اسرائیلی فوج کا علی لاریجانی اور کمانڈرغلام رضا سلیمانی کونشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی (فوٹو اے پی)

اسرائیلی فوج نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی اور پاسدارانِ انقلاب کی بسیج فورس کے کمانڈرغلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر،امریکہ کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سربراہ جو کینٹ نے ایران کے خلاف امریکہ اسرائیل جنگ پر استعفیٰ دے دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی اور پاسدارانِ انقلاب کی بسیج فورس کے کمانڈرغلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی فوج کی جانب سے فضائی حملے میں ایران کے اہم سکیورٹی رہنما علی لاریجانی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ تاہم ایران کی جانب سے اس حوالے سے تاحال ردعمل نہیں آیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک اور بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاگیا ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان کی موت ایرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

 یاد رہے کہ، سبیج ایران کی ایک نیم فوجی تنظیم ہے جو رواں سال کے اوائل میں حکومت مخالف مظاہروں کےکریک ڈاؤن میں شامل رہی تھی۔ ایران کی جانب سے اس تعلق سے کوئی تصدیق و تردید تاحال نہیں کی گئی ہے۔

جنگ کا 18واں روز
میڈیا رپورٹس کے مطابق ، اس بیچ جنگ کے 18ویں روز حملوں میں شدت آئی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے تہران سمیت مختلف شہروں پر حملے کیے گئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 فروری سے جاری امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں 1400 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 18 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ 


ایران کی جوابی کارروائی
ادھر،ایران کی جانب سے اسرائیل اور خلیجی ممالک امریکی اہداف پر مسلسل حملے کیے جارہے ہیں ۔
 متحدہ عرب امارات میں ڈرون حملوں کے باعث فجیرہ کے آئل زون میں آگ لگ گئی جبکہ ابوظبی میں میزائل کے ملبے سے ایک شخص کی موت ہوگئی ۔ قطر، کویت، بحرین اور سعودی عرب نے بھی میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ 


ایران جنگ پرامریکی سربراہ کا استعفیٰ

امریکہ کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سربراہ جو کینٹ نے ایران کے خلاف امریکہ اسرائیل جنگ پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
کینٹ نے صدر ٹرمپ کو لکھے خط کو ایکس پر پوسٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ میراضمیرمجھے ایران میں جاری جنگ کی حمایت نہیں کرنے کی اجازت دے سکتا۔ انھوں نے مزید لکھا کہ ایران سے ہمارے ملک کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور یہ واضح ہے کہ ہم نے یہ جنگ اسرائیل اور اس کی طاقت ور امریکی لابی کے دباؤ کی وجہ سے شروع کی تھی۔