امریکہ ایران مذاکرات ، ایرانی وفد پہنچا پاکستان

Published On: 11 April, 2026 06:19 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
امریکہ ایران مذاکرات ، ایرانی وفد پہنچا پاکستان

فوٹو رائٹرز

ایران کا مذاکراتی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کررہےہیں۔ادھر،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس مذاکرات میں امریکہ کی نمائندگی کے لیے اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں۔

ایران کا مذاکراتی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کررہےہیں۔  ان کے ہمراہ اس وفد  وزیر خارجہ عباس عراقچی ،سپریم نیشنل ڈیفنس کونسل کے سکریٹری علی اکبر احمدیان، ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی اور ڈیفنس کونسل کے سربراہ محمد باقر ذوالقدر شامل ہیں۔ 


میڈیارپورٹس کے مطابق، ایرانی وفد کا استقبال پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کیا۔ انھوں اُمید ظاہر کی کہ فریقین مثبت اور تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے۔انھوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کے درمیان سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ چند گھنٹوں قبل ہی باقر قالیباف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جنگ بندی سے قبل دو شرائط پورا ہونی تھیں جو تاحال نہیں ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جن دو شرائط پر اتفاق ہوا تھا ان میں ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور لبنان میں فوری جنگ بندی شامل ہیں۔محمد باقر قالیباف نے مزیدکہا کہ ان دو شرائط پر جنگ بندی سے قبل عمل درآمد ہونا تھا لیکن تاحال ایسا نہیں ہوسکا۔

ادھر،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس مذاکرات میں امریکہ کی نمائندگی کے لیے اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں۔ ان کے ہمراہ خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد روانہ ہونے سے قبل ، جے ڈی وینس نے کہاتھا کہ وہ بات چیت کے تعلق سے پُراُمید ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ مذاکرات کا منتظر ہے۔ اگر ایران خیرسگالی کا مظاہرہ کرتا ہے تو امریکہ کھلے دل سے آگے بڑھنے کو تیار ہے ۔ جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ اگر ایران نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیااور چالاکی کی کوشش کی تو امریکی مذاکراتی ٹیم مثبت ردعمل نہیں دے گی۔