فرینج اوپن کا تاج 19 سالہ میرا اندریوا کے سر، سیدھے سیٹوں میں حریف کوکیا زیر

Published On: 06 June, 2026 11:38 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
فرینج اوپن کا تاج 19 سالہ میرا اندریوا کے سر، سیدھے سیٹوں میں حریف کوکیا زیر

(فوٹواے پی)

روسی ٹینس کھلاڑی میرا اندریوا 15 سال کی عمر میں ہی غیرمعمولی صلاحیتوں کی حامل کھلاڑی سمجھی جاتی تھیں اور اب 19 سال کی عمر میں وہ گرینڈ سلیم چیمپئن بن چکی ہیں۔

روسی میرا اندریوا کے روپ میں فرینچ اوپن کو نیا چیمپیئن مل گیا ہے ۔ 19 سالہ کھلاڑی نے سیدھے سیٹوں میں حریف پولینڈ کی ماجا شوالنسکا کو 3-6 اور 2-6 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ہفتے کو کھیلے گئے فرنچ اوپن ویمنز سنگلز فائنل میں عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود اندریوا کو فائنل میں زیادہ مشقت نہیں کرنی پڑی ۔ انھوں نے پولینڈ کی کوالیفائر ماجا شوالنسکا کوآسانی سے زیر کردیا۔

اس کامیابی کے ساتھ اندریوا 1992 کے بعد فرنچ اوپن جیتنے والی کم عمر ترین خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ 1992 میں مونیکا سیلز نے 18 سال کی عمر میں مسلسل تیسری بار فرنچ اوپن جیتا تھا۔

شوالنسکا نے میچ کا آغاز ڈبل فالٹ سے کیا، تاہم پانچویں گیم میں سروس برقرار رکھتے ہوئے 2-3 کی برتری حاصل کر لی۔

اس کے بعد اندریوا نے مسلسل نو گیمز جیت کر میچ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ انہوں نے ہوا کے باوجود جارحانہ کھیل پیش کیا اور حریف کے اسپن اور ڈراپ شاٹس کا مؤثر جواب دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اندریوا نے 25 ونرز لگائے جب کہ خوالنسکا صرف 10 ونرز ہی کھیل سکیں۔ غیرضروری غلطیوں میں بھی اندریوا بہتر رہیں، جنہوں نے 26 غلطیاں کیں جبکہ شوالنسکا سے 29 غلطیاں ہوئیں۔


ایوارڈ تقریب میں ماجا شوالنسکا نے مسکراتے ہوئے اندریوا سے کہاکہ تم بہت کم عمر اور بے حد باصلاحیت ہو ۔میچ پوائنٹ پر شاندار بیک ہینڈ کراس کورٹ ونر کھیلنے کے بعد اندریوا نے اپنا ریکٹ زمین پر پھینک دیا اور گھٹنوں کے بل کورٹ پر بیٹھ کر جشن منایا جبکہ خوشی سے اپنے چہرے کو ہاتھوں سے چھپا لیا۔

ٹرافی وصول کرتے ہوئے اندریوا نے ایک غیرمعمولی انداز اپناتے ہوئے خود کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ میں خود کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ میں نے ہمیشہ اپنے اوپر بھروسا رکھا، ہر مشکل وقت میں اپنی پوری کوشش کی، ہر روز ایک بہتر انسان اور بہتر کھلاڑی بننے کی کوشش کی اور یقین رکھا کہ میں یہ کامیابی حاصل کر سکتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہاکہ صرف مجھے معلوم ہے کہ یہ دو ہفتے میرے لیے کتنے مشکل تھے اور میں کتنی گھبرائی ہوئی تھی۔سائبیریا میں پیدا ہونے والی اندریوا بعد میں سوچی منتقل ہوئیں اور پھر اپنی ٹینس صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے فرانس چلی گئیں۔

ٹرافی تقریب میں جب انہوں نے فرانسیسی زبان میں چند جملے بولے تو کورٹ فلپ شاتریے میں موجود شائقین نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔انہوں نے کہاکہ پیرس میں ان دو شاندار ہفتوں کے دوران آپ کی حمایت میرے لیے بہت اہم رہی۔

میرا اندریوا پہلی بار 2023 کے میڈرڈ اوپن میں عالمی توجہ کا مرکز بنیں، جہاں صرف 15 سال کی عمر میں انہوں نے ڈبلیو ٹی اے 1000 ایونٹ کے مین ڈرا میں میچ جیتنے والی تیسری کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

حالیہ برسوں میں انہیں روس اور یوکرین جنگ کے باعث غیرجانبدار حیثیت کے تحت کھیلنا پڑا اور وہ اپنے ملک کے جھنڈے کے بغیر مقابلوں میں شریک ہوتی رہی ہیں۔

اندریوا نے اپنی کوچ کونچیتا مارٹینیز سے بھی آگے کا سفر طے کیا، جو 2000 کے فرنچ اوپن فائنل میں شکست کھا گئی تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق چیمپئن میری پیئرس نے ہی اندریوا کو فاتح ٹرافی پیش کی۔