سگریٹ نوشی

Published On: 06 April, 2026 08:06 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
سگریٹ نوشی

مشتاق احمد یوسفی کی پہلی کتاب چراغ تلے 1961 میں شائع ہوئی تھی۔ اس کتاب میں کل 12 مضامین شامل ہیں جن میں سے آٹھ مضامین اس سے قبل مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہو چکے تھے جب کہ چار غیر مطبوعہ تھے


 مرزا کرتے وہی ہیں جو ان کا دل چاہے، لیکن اس کی تاویل عجیب و غریب کرتے ہیں۔ صحیح بات کو غلط دلائل سے ثابت کرنے کا یہ ناقابل رشک ملکہ شاذ و نادر ہی مردوں کے حصے میں آتا ہے۔

اب سگریٹ ہی کو لیجئے، ہمیں کسی کے سگریٹ نہ پینے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن مرزا سگریٹ چھوڑنے کا جو فلسفیانہ جواز ہر بار پیش کرتے ہیں وہ عام آدمی کے دماغ میں بغیر آپریشن کے نہیں گھس سکتا۔

مہینوں وہ یہ ذہن نشین کراتے رہے کہ سگریٹ پینے سے گھریلو مسائل پر سوچ بچار کرنے میں مدد ملتی ہے اور جب ہم نے اپنے حالات اور ان کی حجت سے قائل ہوکر سگریٹ شروع کردی اور اس کے عادی ہوگئے تو انہوں نے چھوڑ دی۔

کہنے لگے۔ ’’بات یہ ہے کہ گھریلو بجٹ کے جن مسائل پر میں سگریٹ پی پی کر غور کیا کرتا تھا، وہ دراصل پیدا ہی کثرت سگریٹ نوشی سے ہوئے تھے۔‘‘