نیندسے بیدارہوتے ہی موبائل دیکھنے کی عادت صحت کے لیے نقصان دہ ۔ تحقیق

Published On: 14 March, 2026 11:31 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
نیندسے بیدارہوتے ہی موبائل دیکھنے کی عادت صحت کے لیے نقصان دہ ۔ تحقیق

(فوٹو شٹراسٹوکس)

صبح سو کر اٹھتے ہی موبائل فون کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص نیندسے بیدار ہوتے ہی موبائل استعمال کرنا شروع کر دے تو دماغ کو سکون کی حالت سے اچانک ایکٹو اسٹیٹ میں منتقل ہونا پڑتا ہے۔ سرعت سے ایک حالت سے دوسری حالت میں منتقلی کے سبب ذہنی دباؤ بڑھ سکتا ہے

موبائل ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن گیا ہے ۔ زندگی کے تمام شعبوں میں اس کا دخل ہے۔ گھر،دفتر،سماجی رابطے اورتفریخ کا اہم ذریعہ موبائل آج موبائل ہے ۔ دن بھر وقفے وقفے سے لوگ موبائل اسکرین دیکھتے ہیں۔  صبح آنکھ کھلنے سےلے کر رات کو سونے تک موبائل اسکرین سیکڑوں بار لوگ دیکھتے ہیں۔

بلاشبہ ٹیکنالوجی زندگی کو آسان بنانے کا ذریعہ بنی ہے لیکن  اس کے بے جا استعمال کے باعث صحت اور روزمرہ زندگی پر منفی اثرات بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق موبائل فون کے استعمال سے متعلق کیے گئے ایک سروے نے اس عادت کے بارے میں تشویش ناک رجحان کی نشاندہی کی ہے۔ ایک سروے کے مطابق تقریباً 84 فیصد موبائل یوزر صبح سوکراٹھنے کے  فوراً بعد یا پندرہ منٹ کے اندر موبائل فون استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ عادت دماغ پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق جب انسان نیند سے بیدار ہوتا ہے تو اس کا دماغ ابتدائی طور پر ڈیلٹا اسٹیٹ یعنی گہرے سکون کی حالت میں ہوتا ہے۔ اس کے بعد دماغ آہستہ آہستہ الفا اسٹیٹ میں داخل ہوتا ہے، جس میں انسان بظاہر جاگ چکا ہوتا ہے مگر ذہن پوری طرح فعال نہیں ہوتا۔ اس کے ،دماغ بیٹا اسٹیٹ میں پہنچتا ہے جہاں وہ مکمل طور پر متحرک ہو جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص نیندسے بیدار ہوتے ہی موبائل استعمال کرنا شروع کر دے تو دماغ کو سکون کی حالت سے اچانک ایکٹو اسٹیٹ میں منتقل ہونا پڑتا ہے۔  سرعت سے ایک حالت سے دوسری حالت میں منتقلی کے سبب ذہنی دباؤ بڑھ سکتا ہے اور انسان بے چینی، چڑچڑاپن اور تھکن کا شکار ہو سکتا ہے۔ بعض اوقات اس کے نتیجے میں انسان پورا دن کام میں دلچسپی محسوس نہیں کرتا۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ صبح سو کر اٹھنے کے بعد کم از کم تیس منٹ سے ایک گھنٹہ تک موبائل فون استعمال نہ کیا جائے تاکہ دماغ کو قدرتی طور پر بیدار ہونے کا وقت مل سکے۔ اسی طرح ماہرین اس بات کی جانب بھی توجہ دلاتے ہیں کہ گزشتہ چند برسوں میں سونے سے پہلے موبائل فون استعمال کرنے کا رجحان بھی تیزی سے بڑھا ہے۔

ان کے مطابق سونے سے پہلے اسکرین دیکھنے کی عادت نیند کے معمول کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف جسمانی اور ذہنی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین بہتر صحت کے لیے موبائل فون کے استعمال میں اعتدال اور مناسب وقت کا انتخاب ضروری قرار دیتے ہیں۔