(فوٹورائٹرز)
اسرائیل کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک کےعوام کے خیالات حالیہ برسوں میں تبدیل ہوئے ہیں ۔ اسرائیل اور اسرائیلی قیادت کے بارے میں منفی خیالات میں اضافہ ہواہے۔ تازہ ریسرچ رپورٹ میں عوام نے بھی اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو پرعدم اعتماد کا اظہار کیاہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران دنیا بھر میں اسرائیل اوراسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی مقبولیت میں کمی آئی ہے ۔ حتیٰ کہ امریکہ اور جرمنی جیسے قریبی اتحادی ممالک کے عوام میں بھی ان کے خلاف ہوگئے ہیں۔
پیو ریسرچ سینٹر کے ایک نئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے پیو کی تازہ ترین سروے رپورٹ کے مطابق فروری سے مئی 2026 کے دوران، خاص طور پر ایران کے خلاف جنگ کے سبب دنیا کے بیشتر ممالک میں اسرائیل کے تعلق سے رائے عامہ مزید سنگین اور منفی ہو گئی ہے۔
سروے کے نتائج سے ظاہرہوتا ہے کہ گزشتہ سال 2025 کے مقابلے میں رواں برس 2026 کے دوران اسرائیل کو ناپسند کرنے والے افراد کی شرح میں درج ذیل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جرمنی، اٹلی اور نائجیریا میں اسرائیل کے خلاف منفی خیالات رکھنے والوں میں 9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ جنوبی کوریا میں جہاں اسرائیل کے خلاف منفی جذبات میں سب سے زیادہ یعنی 10 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
اسی طرح برطانیہ میں 8 فیصد جب کہ امریکہ میں 7 فیصد مزید شہریوں نے اسرائیل کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کیا جبکہ کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈونیشیا اور پولینڈ میں بھی منفی خیالات میں 5 سے 8 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
ترکیہ میں جہاں پہلے ہی 93 فیصد عوام اسرائیل کے خلاف تھے۔ اس تازہ ترین سروے میں یہ تعداد بڑھ کر 97 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سروے میں شامل تمام 36 ممالک میں سے ایک بھی ملک ایسا نہیں ملا جہاں کی اکثریت (50 فیصد سے زائد) اسرائیل کے بارے میں مثبت رائے رکھتی ہو۔ اس فہرست میں کینیا واحد ملک رہا جو 50 فیصد مثبت رائے کے ساتھ اسرائیل کے سب سے قریب نظر آیا۔یہ سروے 8 فروری سے 13 مئی 2026 کے درمیان دنیا کے 36 ممالک میں 3,500 سے زائد افراد سے کیے گئے سوالات پر مبنی ہے۔
نیتن یاہوکی قیادت پر سوال
اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی قیادت پر بھی دنیا بھر کے عوام نے شدید عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔دنیا کے صرف دو ممالک ایسے ہیں جہاں کی اکثریت کو نیتن یاہو پر اعتماد ہے جن میں کینیا (56 فیصد) اور فلپائن (53 فیصد) شامل ہیں۔
یورپ میں نیتن یاہو کے خلاف سب سے شدید غصہ اٹلی میں دیکھا گیا جہاں 88 فیصد عوام نے ان پر مکمل عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
اسرائیل کے سب سے بڑے اتحادی ملک امریکہ میں 59 فیصد عوام نے نیتن یاہو پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جب کہ صرف 27 فیصد نے ان کی حمایت کی۔




